گزشتہ 24 گھنٹوں میں تاریخی جھوٹ بولے گئے، اسد قیصر – پاک لائیو ٹی وی


رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ آئینی ترمیم کے حوالے سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں تاریخی جھوٹ بولے گئے۔

بول نیوز کے پروگرام ’بول عادل عباسی کے ساتھ‘ میں سینئر اینکر پرسن عادل عباسی کے ساتھ گفتگو میں اسد قیصر کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہر جماعت کو الگ الگ مسودہ دیا گیا، ہمیں جو اطلاع ملی یہ 56 ترامیم تھیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ترامیم سے آئین کا حلیہ بگاڑ رہی تھی، پی ٹی آئی کسی بھی صورت میں ایسی ترامیم نہیں چاہتی، ترامیم کا پوری پاکستانی قوم پر اثر ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئینی مسودے میں ترامیم لانے سے پہلے مشاورت کی جاتی ہے، حکومت پارلیمنٹ کےذریعے ترامیم کر کے مارشل لاء لگانا چاہتی تھی، جو ریفارمز کی جا رہی ہیں دکھائی نہیں گئیں چھپائی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون سازی اگر عوام کی بہتری کے لیے ہو تو اس پر بات کریں گے، پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ آئین کی بالا دستی ہو، اگر ترامیم منظور ہوئیں تو ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے مزید کہا کہ چاہتے ہیں نظام ایسا ہو جو ہر ایک کو انصاف دے سکے۔

Exit mobile version