ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 33 دہشتگرد گرفتارکر لیے گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 475 آئی بی اوز اپریشن کیے۔ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 33 دہشت گردوں کو گرفتارکیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق کارروائی لاہور، گوجرانوالہ، میانوالی، بہاولپور، ننکانہ صاحب، حافظ آباد، رحیم یارخان، بکھروغیرہ میں کی گئی، آپریشن کے دوران لاہورسے جماعت الحرارکے خطرناک دہشت گرد کو گرفتارکیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، دھماکہ خیز جیکٹ،۔ہینڈ گرنیڈ، 2 ڈیٹونیٹر، 26 حفاظتی فیوزوائر، اسلحہ، موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی۔ دہشت گردوں کی شناخت خبیب احمد، سیف اللہ، ظہیراحمد، احمد، حافظ مطلوب، حمزہ جاوید وغیرہ نام سے ہوئی۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔ رواں ہفتے میں 3674 کومبنگ آپریشنز کے دوران1431 مشتبہ افراد گرفتار کیے، کومبنگ آپریشنز میں 186331 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پرعمل پیرا ہے، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔