ملک بھر میں آج یوم فضائیہ قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق یوم فضائیہ کے موقع پر نشان حیدر پائلٹ آفیسر شہید راشد منہاس کے مزار پر تقریب منعقد ہوئی۔
کمانڈر سدرن کمانڈ ایر وائس عامر شہزاد نے پائلٹ آفیسر راشد منہاس کے مزار پر پھول رکھے۔
1965 کی پاک بھارت جنگ کے دوسرے روز پاک فضائیہ بھارت پر قہر بن کر ٹوٹی تھی۔
پاک فضائیہ کے شاہینوں نے پٹھان کوٹ ایئربیس پر حملہ کرکے بھارتی فضائیہ کی نہ صرف کمر توڑ دی تھی بلکہ دشمن پر نفسیاتی برتری بھی حاصل کرلی تھی۔
پٹھان کوٹ پر پاک فضائیہ کا حملہ اتنا شدید تھا کہ بھارتی فضائیہ کی پوری ایک اسکواڈرن کو شاہینوں نے نیست و نابود کر دیاتھا۔ پٹھان کوٹ حملے میں بھارت کے کئی جہاز تباہ ہوئے تھے۔
ستمبر 1965 کی جنگ ایم ایم عالم کی داستان شجاعت اور کارنامے کے بغیر بالکل ادھوری ہے۔
اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم نے جنگ کے دوسرے روز تن تنہا دشمن کی پوری فارمیشن کا صفایا کیا۔
غازی اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم نے ایک منٹ میں دشمن کے 5 طیاروں کو مار گرا کے عالمی ریکارڈ بنایا۔
جنگ کے پہلے 2 روز کے دوران پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کے 30 طیارے مار گرائے اور 10 کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔
پاک فضائیہ نے ستمبر 1965 کی جنگ میں بھارت کے 104 طیارے تباہ کرکے فضائی برتری کا دشمن خواب چکنا چور کر دیا ۔