متعلقہ

یوم دفاع پاکستان؛ مظفر آباد میں افواج پاکستان کے زیر اہتمام یادگار شہداء پر تقریب – پاک لائیو ٹی وی


یوم دفاع پاکستان؛ مظفر آباد میں افواج پاکستان کے زیر اہتمام یادگار شہداء پر تقریب

مظفر آباد: یوم دفاع پاکستان کے موقع پر مظفرآباد میں افواج پاکستان کے زیر اہتمام یادگار شہداء پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

یوم دفاع پاکستان کے موقع پر افواج پاکستان کے زیر اہتمام جموں وکشمیر مونومنٹ پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

تقریب میں  شہداء کے ورثاء سیاسی و سماجی شخصیات اور اعلیٰ سول و عسکری حکام سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی میجرجرنل محمد عرفان، وزیر تعلیم آزاد کشمیر دیوان علی خان چغتائی نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

اس موقع پر شہداء کے ایصال  ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

شہدا کے ورثاء کا کہنا تھا آج کا دن دفاع وطن کے لیے شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ شہداء نے ہر میدان میں ہر لمحہ اپنا خون دے کر ملک کی بنیادوں کو مضبوط کیا۔

تقریب کے اختتام پر کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلبہ میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔