نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا دن قوم اور مسلح افواج کے ناقابلِ تسخیر رشتے کی علامت ہے۔
پاک بحریہ کی جانب سے یومِ دفاع و شہداء پاکستان عقیدت اور جوش و جذبے سے منایا گیا۔
دن کا آغاز بحریہ کی تمام مساجد میں ملکی سالمیت اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاﺅں سے ہوا۔
اس موقع پر 1965ء کی جنگ کے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی۔
سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے پیغام میں جنگ ستمبر کے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے دشمن کی کھلی جارحیت کو پسپا کیا۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کا کہنا تھا کہ یہ دن مادر وطن کے دفاع کے لیے ہمارے اتحاد اور قربانی کے جذبے کی تجدید کا دن ہے، یہ یادگار دن قوم اور مسلح افواج کے ناقابل تسخیر رشتے کی بھی علامت ہے۔
انہوں نے اپنے بحری محافظوں کے کارہائے نمایاں اور لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
نیول چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بحری سرحدوں کے دفاع اور سمندری تجارتی راستوں کی حفاظت کے لئے پاک بحریہ ہمہ وقت تیار ہے۔
وائس چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے اہلِِ خانہ سے ملاقات کی۔
مختلف فیلڈ کمانڈ ہیڈکوارٹرز میں بھی شہداءکی یادگاروں پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔
بحریہ کے تمام یونٹس اور تنصیبات میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوئیں۔
اس موقع پر پاک بحریہ کے تمام جہازوں اور یونٹس کی بحری روایات کے مطابق تزئین و آرائش کی گئی۔