آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کئی نئے ریکارڈز قائم کر دیے۔
اسکاٹ لینڈ کے خلاف ایڈنبرا میں کھیلے گئے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاور پلے میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔
آسٹریلوی ٹیم نے میزبان ٹیم کے خلاف 155 رنز کے ہدف کے تعاقب کے لیے بلے بازی شروع کی تو تیسری ہی گیند پر پہلی وکٹ صفر پر ہی گر گئی۔
تاہم ٹریوس ہیڈ اور کپتان مچل مارش نے جارحانہ کھیلتے ہوئے پاور پلے کے 6 اوورز میں 113 رنز بناڈالے۔یہ کسی بھی ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاوور پلے میں سب سے زیادہ اسکور ہے۔
اس دوران ٹریوس ہیڈ نے صرف 22 گیندوں پر 12 چوکے اور 4 چھکے لگاکر 73 رنز اسکور کیے جبکہ مچل مارش نے 11 گیندوں پر5 چوکے اور 3 چھکے لگاکر 39رنز کی اننگز کھیلی۔
ٹریوس ہیڈ مجموعی طور پر 25گیندوں پر 80رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
اس دوران انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین( 17 گیندوں پر) نصف سنچری بنانے کا بھی اعزاز حاصل کیا۔
آسٹریلیا نے 155رنز کا ہدف 3 وکٹ کے نقصان پر 9.4 اوورز میں حاصل کرکے 150 یا اس سے زائد رنز کا ہدف سب سے کم گیندوں پر پورا کرکے بھی نیا ریکارڈ قائم کیا۔