اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیے گئے فارم 47، 46، 45، 48 اور 49 کی تصدیق کے لیے افسران کو ذمہ داری سونپ دی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نےفارمز کی تصدیق کی منظوری دی، این اے 1 سے 266 تک فارمز کی تصدیق کے ٹیم لیڈر محمد ناصر خان ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پی کے 1 سے 115، پی پی 1 سے297، پی ایس 1 سے120 اور پی بی 1 سے 51 تک کے ٹیم لیڈر کاشف عباس ملک ہوں گے جبکہ وقاص ملک تصدیق کے عمل لے لیے سپروائزر مقرر کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ فارمز کی تصدیق کے انچارچ سید ندیم حیدر ہوں گے، ٹیمز پولنگ اسٹیشن کی لسٹ کے مطابق اپ لوڈ کیے گئے فارم 45 اور 46 کی تصدیق کریں گی، ٹیمز مسنگ فارم 45 اور 46 کی نشاندہی کریں گی۔
نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا کہ مسنگ فارم 45 اور 46 کی تفصیلات تیار کی جائیں گی، ٹیمز ان فارمز کی شناخت کریں گی جو پڑھنے کے قابل نہیں، ٹیمز اس کی بھی تصدیق کریں گی کہ تمام فارم 47، 48 اور 49 اپ لوڈ کیے گئے، تاہم ٹیمز کو اپنا کام 7 روز میں مکمل کرنے کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔