سابقہ پاکستانی گلوکارہ رابی پیرزادہ نے کہا ہے کہ مرد اور خاتون کا کوئی مقابلہ نہیں، مرد برتر ہے، دونوں برابر ہو ہی نہیں سکتے۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں سابقہ پاکستانی گلوکارہ رابی پیرزادہ کا کہنا تھا کہ ”میرا جسم، میری مرضی“ کا نعرہ لگانے والی خواتین نادان ہیں، انہیں کچھ پتا نہیں، ہر انسان کے جسم پر خدا کی مرضی اور حکم چلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہر کسی کا اپنے جسم پر زور چلتا یا مرضی چلتی تو کسی کو کوئی بیماری نہ ہوتی، کوئی کینسر کا شکار نہ ہوتا، کسی کو دانتوں میں درد نہ ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح جو خواتین نعرے لگاتی ہیں کہ ”اپنا کھانا خود گرم کرلو“ وہ بھی نادان ہیں، اگر وہ گھر میں کام کرتی ہیں تو مرد بیچارہ بھی باہر کام کرتا ہے۔
رابی پیرزادہ نے کہا کہ انسانی تاریخ کا جائزہ لیا جائے تو مرد کے لیے عورت کو بنایا گیا جب کہ تمام انبیا مرد ہی تھی، کوئی عورت نہ تھی، مرد اور خاتون کا کوئی مقابلہ نہیں، مرد برتر ہے، دونوں برابر ہو ہی نہیں سکتے۔
سابقہ پاکستانی گلوکارہ کا کہنا تھا کہ حقیقت بھی یہی ہے کہ اگر کوئی خاتون ورزش کرتی ہے اور وہ مرد کو تھپڑ مارے تو بھی اس کی تھپڑ عام مرد کے مقابلے ہلکی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جن گھروں میں عورت کی حکمرانی ہوتی ہے، وہاں برکت اور سکون نہیں ہوتا، وہ گھر پرسکون اور خوشحال ہوتے ہیں، جہاں مردوں کی مرضی چلتی ہے اور ان کی باتوں پر عمل ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض مردوں کے مقابلے خواتین زیادہ سمجھدار ہوتی ہیں لیکن وہاں بھی خواتین اپنے مردوں کی رہنمائی کریں، وہ پہل نہ کریں، وہ حکمرانی نہ چلائیں، وہ اپنی بات مردوں سے کہہ کر منوائیں۔
رابی پیرزادہ نے کہا کہ مرد کے مقابلے آنا عورت کی شان کے خلاف ہے اور عورت کس مرد کے مقابلے آنا چاہتی ہے، جس مرد کو اس نے خود پیدا کیا؟
سابقہ پاکستانی گلوکارہ کا کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی بھی ماں، بہن اور بیٹی مرد کے مقابلے نہیں آنا چاہتی، صرف بیوی ہی مرد کے مقابلے آنا چاہتی ہے جو کہ غلط بات ہے اور یہ عورت کے شان کے خلاف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عورت کے قدموں میں مرد کی جنت رکھی گئی، اس نے ہی مرد کو پیدا کیا لیکن مرد کے لیے عورت کو بنایا گیا، دونوں برابر نہیں ہوسکتے، مرد کے مقابلے میں آنا عورت کی شان کے برعکس ہے۔