متعلقہ

بابر اعظم کی خراب کارکردگی، ٹیسٹ رینکنگ میں بڑی تنزلی – پاک لائیو ٹی وی


بابر اعظم کی خراب کارکردگی، ٹیسٹ رینکنگ میں بڑی تنزلی

بابر اعظم کی ٹیسٹ کرکٹ میں خراب کارکردگی کے باعث رینکنگ میں بڑی تنزلی ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق  انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی  ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کردی۔

پاکستانی بلے باز بابر اعظم رینکنگ میں 6 درجے تنزلی  کے بعد  تیسرے سے نویں نمبر پر چلے گئے۔

تاہم ان کے علاوہ محمد رضوان اور سعود شکیل کی رینکنگ میں بہتری آئی ہے۔  محمد رضوان سات درجے  ترقی سے آسٹریلوی کھلاڑی عثمان خواجہ  کے ساتھ یکساں پوائنٹس پر آگئے ہیں۔عثمان خواجہ دسویں اور محمد رضوان گیارہویں نمبرپر موجود ہیں۔

قومی ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل 14 ویں سے 13 ویں نمبر آگئے ہیں۔

بلے بازوں کی فہرست میں انگلینڈ کے جو روٹ کا پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن دوسرے  نیوزی لینڈ کے ہی ڈیرل مچل تیسرے نمبر پر برقرار ہیں۔

انگلینڈ کے ہیری بروک تین درجے ترقی سے چوتھی پوزیشن پر آگئے جبکہ  آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ  اور بھارت کے روہت شرمابدستور بالترتیب پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں۔

بھارت کے یشسوی جیسوال ایک درجہ اور بھارت کے ہی ویرات کوہلی دو درجے ترقی سے بالترتیب ساتویں اور آٹھویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

بولرز کی فہرست میں شاہین شاہ آفریدی دو درجے تنزلی سے دسویں پوزیشن پر چلے گئے۔

بھارت کے ایشون بدستور پہلے، آسٹریلیا کے ہیزل ووڈ دوسرے، بھارت کے بمراہ تیسرے، آسٹریلیا کے پیٹ کمنز چوتھے اور جنوبی افریقہ کے ربادا پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔