ایران سے آنے والی پاکستانی زائرین کی بس مکران میں حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔
زائرین کی بس کو حادثہ مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب پیش آیا، بریک فیل ہونے کے باعث بس کھائی میں گر گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بس حادثے میں 8 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے۔
پولیس نے بتایا کہ ایران سے آنے والی بس زائرین کو لے کر پنجاب جا رہی تھی، زخمیوں اور جاں بحق افراد کی میتوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ زائرین کا تعلق لاہور اور گوجرانوالہ سے ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 35 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے، تاہم حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں دو روز قبل ایران سے خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان لائی گئی تھیں۔