راولپنڈی: قومی فاسٹ بولر نسیم شاہ نے پنڈی اسٹیڈیم کی پچ پر شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ہوم ایڈوانٹیج کا فائدہ لینا چاہیے تھا جو نہیں مل رہا۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جس کے چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پر نسیم شاہ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ کافی سیریز میں اس طرح کی پچز مل رہی ہیں۔
قومی فاسٹ بولر نے کہا کہ نئی بال کے بعد پچ مدد نہیں کررہی تھی، اتنی مدد نہیں ملی جتنی امید کی جا رہی تھی جب کہ کچھ بولنگ بھی اتنی اچھی نہیں ہوئی۔
نسیم شاہ مزید کہتے ہیں کہ سوچا یہ تھا کہ فاسٹ بولر کو پچ مدد کرے گی لیکن اس پچ پر زیادہ بریک ہونے کے چانسز نہیں ہیں، جب پچ گرین ہے تو ریورس سوئنگ تھوڑا مشکل ہے، ہوم ایڈوانٹیج کا فائدہ لینا چاہیے تھا جو نہیں مل رہا۔
بنگلادیش کی جانب سے مہدی حسن میراز نے پوسٹ میچ پریس کانفرنس میں کہا کہ الحمدللہ ہم نے دو دن اچھی بیٹنگ کی، ہم ایک اچھی پوزیشن میں ہیں اور ہمارے لئے میچ جیتنے کا بہت اچھا چانس ہے۔
مہدی حسن میراز کہتے ہیں کہ کل پہلے سیشن میں جلدی وکٹ حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، میری اور موشی کی اچھی پارٹنرشپ ہوئی اور ہم ایک عرصہ کے بعد اتنا بڑا اسکور کرنے میں کامیاب رہے جب کہ جو کھلاڑی اچھا نہیں کھیل رہے تھے انہوں نے بھی رنز کیے ہیں۔