آئین اور قانون سے بالاتر کوئی بھی نہیں ہے، وزیر داخلہ سندھ – پاک لائیو ٹی وی


وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ آئین اور قانون سے بالاتر کوئی بھی نہیں ہے۔

ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت شہید بینظیر آباد پولیس رینج میں امن وامان کی صورتحال اور اس تناظر میں پولیس اقدامات پر جائزہ اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں ڈی آئی جی ایس بی اے سمیت متعلقہ ضلعی ایس ایس پیز نے شرکت کی۔

ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد نے اس موقع پر وزیر داخلہ سندھ کو جرائم کے خلاف پولیس حکمت عملی، لائحہ عمل اور بروقت ریسپانس جیسے اقدامات کے بارے میں بتایا۔

وزیر داخلہ سندھ نے اجلاس ایجنڈا بشمول امن و امان کا قیام، چہلم سیکیورٹی سمیت اسٹریٹ کرائمز،منظم جرائم اور منشیات مافیاز کے خلاف پولیس ایکشن اور کریک ڈاؤن کو مذید تیز اور نتیجہ خیز بنانیکے احکامات دیئے۔

انہوں نے کہا کہ قیام امن اور چہلم سیکیورٹی انتظامات کو ہر لحاظ سے فول پروف اور مؤثر بنایا جائے، چہلم سیکیورٹی کے حوالے سے دستیاب اضافی نفری کو نمایاں مقامات پر تعینات کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ چہلم فرائض پر مامور اہلکاروں کو سیکیورٹی اقدامات کی بابت بریفنگ لازمی دی جائے، تمام مجالس،جلوسوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے منتظمین کو اعتماد میں لیا جائے۔

ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز کی بیخ کنی کے لیئے جدید اور ماڈرن تیکنیکس سے اسفادہ کیا جائے، گرفتار اسٹریٹ کریمنلز سے مؤثر تفتیش کی بدولت انکے گروہوں، کارندوں اور سرپرستوں پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے۔

وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ منظم جرائم کی آماجگاہوں کا پتہ لگاکر انھیں ختم کیا جائے، آئین اور قانون سے بالاتر کوئی بھی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ منظم جرائم جیسے فعل میں ملوث عناصر سے کوئی رعائت نہ برتی جائے، منشیات کی خرید و فروخت و ترسیل میں ملوث عناصر کے خلاف پولیس پکٹنگ اور موبائل گشت کو مؤثر اور مربوط بنایا جائے، منشیات مافیاز کی دستیاب فہرستوں کا از سر نو جائزہ لیکر پولیس ایکشن اور اقدامات کو کامیاب بنایا جائے۔

Exit mobile version