صدر آل پاکستان انجمن تاجران نے حکومتی ٹیکس اسکیم کو تاجر دشمن قرار دیتے ہوئے 28 اگست کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا کہ 28 اگست کو ملک بھر میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال ہوگی، جبکہ 28 اگست کی ہڑتال تاجروں کی ہے کسی سیاسی جماعت کی نہیں۔
اجمل بلوچ نے کہا کہ حکومت تاجردوست ویلیوایشن ٹیبل کا قانون واپس لے، بجلی کے بلوں پر تمام قسم کے ٹیکسز ختم کئے جائیں، حکومت ودہولڈنگ ٹیکس کے سیکشن 236-G اور 236-H واپس لے۔
اجمل بلوچ نے یہ بھی کہا کہ بجلی بنانے والی کمپنیوں کو فالتو ادائیگیاں بند کی جائیں، حکومت بجلی سپلائی کمپنیاں بند کرکے واپڈا کو بحال کرے، بجلی سپلائی کمپنیاں ٹرانسفارمر مرمت کے نام پر تاجروں کو لوٹ رہی ہیں۔
اجمل بلوچ نے کہا کہ تاجر برادری نے کبھی کسی سیاسی جماعت کی کال پر ہڑتال نہیں کی، سیاسی جماعت 28 اگست کی ہڑتال کو اپنے نام لگانے سے گریز کرے، تاجر برادری اپنی بات منوانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔