صدر مملکت آصف علی زرداری نے پشین میں دھماکے کی مذمت کی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پشین میں دھماکے میں کم سن بچوں کی شہادت پر رنج اور غم کا اظہار اور لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔
صدر مملکت نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داران کو قانون کے مطابق سخت سزا دلائی جائے۔
آصف علی زرداری نے شہید بچوں کیلئے بلندی درجات، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پشین میں پولیس لائنز کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی اور دھماکے میں کم سن بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔
انہوں نے شہید بچوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا اور واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد کی صحت یابی کی دعا بھی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمی افراد کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، واقعے کے ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ کم سن بچوں پر حملہ آور ہونے والے بزدل دھشتگرد انسان کہلانے کے لائق نہیں، ملک سے دہشتگردی کی عفریت کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع پشین کے مرکزی بازار سرخاب چوک پر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق جبکہ 5 پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔