لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک جرمن معاشی تعلقات دن بدن بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز سے جرمن وزیر برائے اقتصادی تعاون و ترقی مسزسوینجا شولز کی قیادت میں وفد کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی اور تحفظ ماحولیات سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی اور تجارت و سرمایہ کاری میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ بھی ہوا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے جرمنی کی جانب سے سیلاب زدگان کے لئے 91.1 ملین یورو کی امداد پر اظہار تشکر کیا اور کلین انرجی اور کلائمیٹ فرینڈلی پراجیکٹس میں اشتراک کار پر اتفاق کیا۔
دوران ملاقات مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ترجیحات میں شامل ہیں، پہلی مرتبہ ماحولیات کیلئے بجٹ میں 400فیصد اضافہ کیا، اسموگ اور دیگر ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے کیلئے ضروری اقداما ت کیے جارہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پائیدار انرجی کیلئے پاکستان کو 24 ملین یورو فراہم کرنے کے اقدام کو قابل تحسین قرار دیا اور کہا کہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے حصول کیلئے جرمنی کی معاونت کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دیرینہ تاریخی تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، پاک جرمن معاشی تعلقات دن بدن بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں، ٹیکسٹائل سمیت دیگر شعبوں میں متعدد جرمن کمپنیاں اشتراک کار قابل تحسین امر ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی میں خواتین کے معاشی کردار کو بتدریج بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں، پلگ اینڈ پلے ٹیکسٹائل یونٹس اور گارمنٹس سٹی پراجیکٹس سے خواتین کی معاشی خود محتاری بڑھے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ سکلڈ خواتین گارمنٹس انڈسٹری میں شاندار روزگار حاصل کر سکیں گی، قائداعظم بزنس پارک کے ووکیشنل ٹریننگ سنٹر میں خواتین کو ٹریننگ کے ساتھ اسکالر شپ بھی دیا جائے گا، تمام شعبوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر بھی زور دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی تمام انڈسٹریز میں ورکرز سیفٹی اوران کے معاشی اور سماجی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جارہا ہے، پنجاب کے سرکاری سکولوں کے طلبہ کی غذائی قلت دور کرنے کیلئے اسکول میل پروگرام شروع کررہے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں تعلیم اورصحت کے شعبوں میں ریفارمز سے بھی آگاہ کیا۔
دوسری جانب جرمن وزیر مسز سوینجا شولز نے کہا کہ انڈسٹری اور سکلڈ لیبر کے پوٹینشل ہونے کی وجہ سے پنجاب قابل ترجیح صوبہ ہے، پارلیمنٹ، سرکاری دفاتر اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کی موجودگی اورشراکت قابل تحسین ہے۔
ملاقات کے دوران جرمن وزیر سوینجا شولز نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور گارمنٹس سٹی پراجیکٹ کو سراہا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں جرمنی کے سفیر الفرڈ گینتھر گراناس، سینئر پالیسی آفیسر انٹونیا فیلیسیٹاس پیٹرز، جرمن پارلیمنٹ کے ارکان کانٹ گیرس چاؤ، جرگن کرٹز بھی وفد میں شامل تھے جبکہ چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان اور ایڈیشنل سیکریٹری سارہ حیات بھی موجود تھیں۔