گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ایک نئے عزم کے ساتھ 14 اگست شایان شان طریقے سے منائیں گے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس میں 14 اگست کے حوالے سے 2 پروگرامز منعقد کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا فائروال کرینگے، دبئی سے ٹیم پاکستان آئی ہے، ارشد ندیم میری خصوصی دعوت پرکل گورنر ہاؤس آئیں گے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ نامنور فنکار کل گورنر ہاؤس میں پرفارم کریں گے، کل گورنر ہاؤس میں 5 لاکھ لوگوں کی آمد متوقع ہے، فوارہ چوک سے لے کر شاہین کمپلیکس تک اسکرینیں نصب ہونگی۔
گورنرسندھ نے کہا کہ عوام میں انعامات تقسیم کریں گے، شہریوں کو موبائل فونز اور دیگر انعامات دئیے جائیں گے، مختلف اسٹالز لگائے جائیں گے، جس میں ایک روپے میں کھانے کی چیزیں ملیں گی۔
انہوں نے کہا کہ جس نے مجھے ہٹانے کی خبریں چلوائیں وہ سندھ کا وزیر میرا پیارا دوست ہے، جس نے خبریں چلوائیں وہ پیارا دوست ہے، اس سے زیادہ کچھ نہیں کہناچاہتا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ پہلے بھی مجھےعہدے سے ہٹانے کی خبریں چلوائی گئی تھیں، ان کو اصل تکلیف یہ ہے کہ گورنر ہاؤس عوام کے لیے کھلا ہوا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ اب تو حیدرآباد میں 80 ہزار بچوں کا کیمپس کھلنے والا ہے، میں ایک پولیٹیکل آدمی ہوں، میرا کام عوام کی خدمت کرنا ہے، میرا کام سیاست کرنا نہیں، نہ میں سیاست کرتا ہوں۔