بھارت میں تابکار مواد والا گینگ پکڑا جانے پر دفتر خارجہ کا مؤقف سامنے آ گیا ہے۔
پاکستان نے بھارت میں ایٹمی اور تابکار مواد کی چوری اور غیر قانونی فروخت کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تازہ ترین واقعے میں انتہائی تابکار زہریلا کیلیفورنیم مواد پکڑا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بھارت میں غیر قانونی طور پر گینگ کے پاس سے 100 ملین ڈالر مالیت کا تابکار کیلیفورنئیم برآمد ہوا، 2021 میں بھی بھارت میں کیلیفورنئیم کی چوری کے تین واقعات رپورٹ ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ بھابھا اٹامک ریسرچ سینٹر سے چوری ہونے والی ریڈیو ایکٹو ڈیوائس ڈیہرہدون میں پانچ افراد سے برآمد ہوئی، بھارت میں ہونے والے واقعات دہلی سرکار کی جانب سے ایٹمی اور ریڈیو ایکٹو مواد کی سیکیورٹی اور تحفظ پر سوالیہ نشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو بھارتی حکام کی جانب سے کیلیفورنئیم جیسے تابکار مواد کی گرفتار مجرموں کے پاس موجودگی پر جواب طلب کرنا چاہیے۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ بھارت میں انتہائی حساس مواد کیے غلط ہاتھوں میں جانے کے واقعات انتہائی خطرناک ہیں، پاکستان ایسے واقعات کی مکمل تحقیقات اور مستقبل میں انہیں رونما ہونے سے روکنے کے لیے مناسب اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔