مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے ڈی سی پنجگور ذاکر بلوچ دم توڑ گئے۔
ڈی سی پنجگور ذاکر بلوچ کو شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل اسپتال منتقل کیا گیا تھا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل پنجگور مالک جان بلوچ اور ایک ساتھی بھی زخمی ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ چیئرمین پنجگور عبدالمالک بلوچ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مستونگ میں ڈی سی پنجگور کی گاڑی پر فائرنگ کی شدید مذمت کی اور ان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی 2 افراد عبدالمالک اور احمد جان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی، انہوں نے کہا ڈی سی ذاکر بلوچ کی شہادت پر دلی رنج ہوا، شہید کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیرداخلہ بلوچستان نے مستونگ فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی، وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے ڈپٹی کمشنر ذاکر بلوچ کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید ڈپٹی کمشنر ذاکر بلوچ فرض شناس اور ایماندار آفیسر تھے، ڈی سی ذاکر بلوچ نے دوران ڈیوٹی شہادت کا بلند رتبہ حاصل کیا۔
وزیر داخلہ نے زخمی ڈسٹرکٹ چیئرمین عبدالمالک بلوچ کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
وزیر داخلہ میر ضیا لانگو نے بزدلانہ حملے میں ملوث دہشتگرد کو فوری گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے مستونگ میں فائرنگ کے واقعہ پر اظہارافسوس کرتے ہوئے دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈی سی ذاکر بلوچ حکومت بلوچستان کے ایک باصلاحیت افسر تھے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ واقعہ میں ملوث دہشتگرد عناصر کو معاف نہیں کیا جائے گا۔