راولپنڈی: لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو ملٹری حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف انکوائری کا آغاز کردیا گیا جب کہ انہیں ملٹری حراست میں لے لیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف ٹاپ سٹی کیس میں شکایات درست پائی گئیں، ان کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت ڈسپلنری ایکشن لیا گیا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر پاک فوج کی جانب سے فیض حمید کے خلاف کارروائی کی گئی ہے جب کہ ان کے خلاف فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کا آغاز کردیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد فیض حمید آرمی ایکٹ کی خلاف ورزیوں کے مرتکب پائے گئے جب کہ ان کے خلاف انکوائری میں متعدد بے ضابطگیاں ثابت ہوئی ہیں۔