متعلقہ

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اوگرا کا اہم بیان آگیا – پاک لائیو ٹی وی


پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اوگرا کا اہم بیان آگیا

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اوگرا کا اہم بیان سامنے آگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیشن اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا حکومتی اختیار ختم کرنے کے معاملے پر 2 تجاویز تیار کر لی ہیں۔

اوگرا کی پہلی تجویز یہ ہے کہ قیمتوں کے تعین کا اختیار بطور ریگولیٹر اوگرا کو ہی دیا جائے اور دوسری تجویز یہ ہے کہ قیمتوں کے تعین کا اختیار مارکیٹ خود کرے، اوگرا صرف معاملے کو مانیٹر کرے گا۔

آئل اینڈ گیس ریگولیشن اتھارٹی کی بطور ریگولیٹر دونوں تجاویز اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پیش ہوں گی، تجاویز پر پیٹرولیم ڈویژن کے ساتھ مشاورت اور پھر وزیراعظم سے منظوری ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم ڈویژن ایک ہفتے میں قیمتوں کے تعین کے بارے میں حتمی فیصلہ کرے گا، وزیراعظم نے قیمتوں کے تعین سے متعلق اپنی ذمہ داری ختم کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

اس کے علاوہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین سے متعلق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو بھی اختیار دیا جا سکتا ہے تاہم آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو قیمتوں کے تعین کا اختیار دینے سے اجارہ داری کا خدشہ ہو گا۔

یاد رہے کہ پیٹرولیم قیمتوں کے علاوہ کسی بھی چیز کی قیمت کا تعین حکومت نہیں کرتی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ساری تنقید حکومت پر ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو قیمتوں کا اختیار دینے پر تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔