متعلقہ

آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی ضروری ہے، کنٹریکٹس پبلک کئے جائیں؛ عاطف اکرام – پاک لائیو ٹی وی


آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی ضروری ہے، کنٹریکٹس پبلک کئے جائیں؛ عاطف اکرام

اسلام آباد: صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام کا کہنا ہے کہ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی ضروری ہے، کنٹریکٹس پبلک کئے جائیں۔

صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ آئی پی پیز کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر نظر ثانی ضروری ہے، حکومت آئی پی پیز کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کو عوام کے سامنے لیکر آئے۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ کئے گئے مہنگے معاہدے آج بجلی بحران کا باعث ہیں، عوام اور کاروباری حلقے بجلی ہے مہنگے بلوں کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بزنس کمیونٹی کے ایک وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صدر فیڈریشن عاطف اکرام نے کہا کہ بجلی کے مہنگے بلز کی وجہ آئی پی پیز کے ساتھ کئے گئے معاہدے ہیں، ہمارے علم میں آیا ہے کہ ایسے آئی پی پیز کو ماہانہ 150 ارب روپے کی ادائیگی ہورہی ہے جو کم بجلی پیدا کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آئی پی پیز کے پاور پلانٹس 10 فیصد سے بھی کم استعداد پر چل رہے ہیں اور حکومت پوری ادائیگی کررہی ہے۔ ایک طرف گردشی قرض بڑھ رہا ہے تو دوسری طرف عوام پر بوجھ ڈالا جارہا ہے۔

عاطف اکرام نے کہا کہ پاکستان میں پہلے ہی بجلی کی فی یونٹ قیمت خطے کے دیگر ممالک سے زیادہ تھی، اب تو پاکستان میں عام عوام کا جینا اور کاروباری حالات مخدوش ہوچکے ہیں۔

بزنس کمیونٹی کے وفد میں چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک، نائب صدر فیڈریشن طارق جدون، میاں اکرم فرید، چیئرمین ڈپلومیٹک کمیٹی محمد احمد، چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین، ثمینہ فاضل، صدر ویمن چیمبر رضوانہ آصف و دیگر شامل تھے۔