متعلقہ

گلوبل ٹی ٹوئنٹی: پی سی بی کا شاہین، رضوان اور بابر کو این او سی جاری نہ کرنے فیصلہ – پاک لائیو ٹی وی


گلوبل ٹی ٹوئنٹی: پی سی بی کا شاہین، رضوان اور بابر کو این او سی جاری نہ کرنے فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کو کینیڈا کی گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کے لیے این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گلوبل ٹی ٹوئنٹی  کے لیے پی سی بی کو بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کی جانب سے این او سی کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کی غیرمعمولی مصروفیت، ان تینوں کھلاڑیوں اور سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کے بعد ان تینوں کرکٹرز کو این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تینوں اسٹار پلیئرز تینوں فارمیٹس کے کھلاڑی ہیں اور پاکستان ٹیم کو ان کی خدمات درکار ہوں گی۔ پی سی بی چاہتا ہے کہ یہ تینوں کھلاڑی سیزن کے آغاز میں مکمل طور پر فٹ ہوں۔

دریں اثنا کرکٹ بورڈ نے افتخار احمد، محمد عامر، آصف علی اور محمد نواز کو این او سی جاری کردیے ہیں۔

بورڈ کے مطابق اگست 2024 سے مارچ 2025 کے عرصے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 9 ٹیسٹ کھیلنے ہیں۔

اس کے علاوہ آئندہ سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی بھی کھیلنی ہے جس کا انعقاد پاکستان میں ہونا ہے، اس طرح پاکستان اس عرصے میں 9 ٹیسٹ، 14 ون ڈے انٹرنیشنل اور 9 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے گا لہٰذا تینوں کرکٹرز تینوں فارمیٹ کے کرکٹرز ہیں اور پاکستان کو آئندہ 8 ماہ میں ان کی خدمات درکار ہوں گی۔