ڈیرا اسماعیل خان میں دہشتگردوں کا دیہی مرکز صحت پر حملہ؛ 2 سیکیورٹی اہلکار شہید – پاک لائیو ٹی وی


ڈیرا اسماعیل خان میں دہشتگردوں کا دیہی مرکز صحت پر حملہ؛ 2 سیکیورٹی اہلکار شہید

 آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ڈیرا اسماعیل خان میں دہشتگردوں نے دیہی مرکز صحت پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دہشتگردوں نے 15 اور 16 جولائی کی درمیانی رات دہی مرکز صحت کیری شامو زئی ڈیرہ اسماعیل خان پر حملہ کیا۔

 آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشتگردوں نے دہی مرکز صحت میں گھس کر عملے پر اندھا دھند فائرنگ کی، دہشتگردوں کی فائرنگ سے دو لیڈی ہیلتھ ورکر سمیت 5 شہری شہید ہوئے، شہداء میں 2  بچے اور بنیادی مرکز صحت کا چوکیدار بھی شامل تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دیہی مرکز صحت پر حملے کی اطلاع ملتے ہی قرب و جوار میں موجود سیکیورٹی فورسز کو کلیرنس آپریشن کے لیے متحرک کیا گیا، کلیرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دیا اور تین دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 سیکورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، شہداء میں 44 سالہ صوبیدار محمد فاروق اور 23 سالہ سپاہی محمد جاوید اقبال شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ شہید صوبیدار محمد فاروق کا تعلق نارووال اور سپاہی جاوید اقبال کا تعلق خانیوال سے تھا، شہادت کے رتبے پر فائز ہونے والے نائب صوبیدار محمد  فاروق شہید نے 25 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا، نائب صوبیدار محمد فاروق شہید نے سوگواران میں اہلیہ، دو بیٹیاں اور دو بیٹے چھوڑے ہیں۔

 آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سپاہی محمد جاوید اقبال شہید نے 3 سال تک پاک فوج میں خدمات سر انجام دیں، شہید نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔

Exit mobile version