قومی کھلاڑی محمد حارث کو پاکستان شاہینز کی وائٹ بال ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
پاکستان کے نوجوان وکٹ کیپر و بیٹر محمد حارث کو آسٹریلیا کے خلاف دو میچز کی ون ڈے سیریز اور 9 ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان شاہین کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
محمد حارث اس سے قبل کولمبو میں کھیلے جانے والے اے سی سی مینز ایمرجنگ ٹیمز ایشیاکپ 2023 میں بھی پاکستان شاہینز کی کپتانی کرچکے ہیں جب کہ ان کی قیادت میں پاکستان شاہینز نے فائنل میں بھارت کو 128 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل کیا دفاع کیا تھا۔
پاکستان شاہینز کی ٹیم اس وقت بنگلادیش اے کے خلاف دو چار روزہ میچز کے لیے ڈارون میں موجود ہے، جہاں پہلا میچ 19 سے 22 جولائی جب کہ دوسرا میچ 26 سے 29 جولائی کے درمیان کھیلا جائے گا۔
وائٹ بال کے میچز کے لیے پاکستان شاہینز نے ریڈ بال اسکواڈ میں سے 7 تبدیلیاں کی ہیں۔ کامران غلام، خرم شہزاد، مہران ممتاز، محمد علی، مبصر خان، طیب طاہر اور عمر امین کی جگہ عبدالفصیح، عرفات منہاس، عارف یعقوب، جہانداد خان، محمد حارث، محمد عمران جونیئر اور عثمان خان کھیلیں گے۔