متعلقہ

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے فائنل میں پاکستان کو بھارت سے شکست – پاک لائیو ٹی وی


ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے فائنل میں پاکستان کو بھارت سے شکست

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے فائنل میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے دی۔

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کا فائنل پاکستان چیمپئنز اور بھارتی چیمپئنز کی ٹیموں کے درمیان  برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا جس میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ٹاس جیت کر پاکستان چیمپئنز نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور بھارتی چیمپئنز کو جیت کے لیے 157 رنز کا ہدف دیا جس کو انہوں نے آخری اوور میں مکمل کرلیا۔

بھارتی چیمپئنز اننگز

بھارتی چیمپئنز نے 157 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا جب کہ امبتی رائیڈو 50، گرکریت سنگھ 34 اور یوسف پٹھان نے 30 رنز بنائے۔

علاوہ ازیں یوراج سنگھ 15، روبن اوتھاپا 10 اور سریش رائنا 4 رنز بناکر پویلین لوٹے جب کہ پاکستان چیمپئنز کی جانب سے عامر یامین نے 2 وکٹیں حاصل کیں، سعید اجمل ، وہاب ریاض اور شعیب ملک نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان چیمپئنز اننگز

اس سے قبل پاکستان چیمپئنز نے مقررہ 20 اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے تھے، شعیب ملک 41، کامران اکمل 24 اور صہیب مقصود 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

مصباح الحق 18 اور شرجیل خان نے 12 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان یونس خان اور عامر یامین 7،7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سہیل تنویر 19 اور شاہد آفریدی 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔