انگلینڈ کے لیجنڈری فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن اپنے 21 سالہ طویل انٹرنیشنل کیریئر کا آخری میچ آج ویسٹ انڈیز کے خلاف لارڈز میں کھیلیں گے۔
اگرچہ 41 سال کی عمر میں بھی جیمز اینڈرسن ماضی کی طرح عمدہ بولنگ کررہے ہیں مگر ٹیم انتظامیہ کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ چند ماہ قبل کیا تھا۔
ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے فارمیٹ سے جلد ریٹائرمنٹ لینے والے اینڈرسن اب ویسٹ انڈیز سے ہوم سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے بعد طویل فارمیٹ کو بھی خیرباد کہہ دیں گے۔
یہ دنیا کے کامیاب ترین ٹیسٹ فاسٹ بولر کے کیریئر کا 188 واں میچ ہوگا۔انہوں نے 21 برس قبل 2003 میں اسی وینیو پر ڈیبیو پر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
وہ اب تک 187 ٹیسٹ میچز میں 700 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور 700 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے والے واحد فاسٹ بولر ہیں۔
انہیں سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن کا ریکارڈ توڑنے کے لیے 9 وکٹیں درکار ہیں۔
واضح رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ (800) وکٹیں سری لنکا کے مرلی دھرن نے حاصل کررکھی ہیں اور دوسرے نمبر پر شین وارن (708) ہیں۔