بھارتی قبضے کےخاتمے، حصول حق خودارادیت تک ہماری جدوجہد جاری رہےگی، حریت رہنما – پاک لائیو ٹی وی


بھارتی قبضے کےخاتمے، حصول حق خودارادیت تک ہماری جدوجہد جاری رہےگی، حریت رہنما

آل پارٹیزحریت کانفرنس کے کنوینرغلام محمد صفی نے کہا ہے کہ بھارتی قبضے کےخاتمے، حصول حق خودارادیت تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، اقوام متحدہ کے ذریعے رائے شماری کرائی جائے۔  بھارت کی کوئی بھی سازش کشمیریوں کی جدوجہد کو نہیں دبا سکتی۔

گذشتہ شب کراچی پریس کلب کی جانب سے کشمیری رہنمائوں کے اعزازمیں دیے گئے عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آل پارٹیزحریت کانفرنس کے کنوینرغلام محمد صفی نے کہا کہ ہم کشمیر کا کوئی ایسا حل قبول نہیں کریں گے جو کشمیریوں کی منشا کے بغیر ہو، رائے شماری کے ذریعے اس کا حل ہونا چاہئے، اقوام متحدہ کے ذریعے رائے شماری کرائی جائے۔

غلام محمدصفی نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں آج بھی حریت رہنمائوں کو شہید کیا جارہا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔ بھارت کی کوئی بھی سازش کشمیریوں کی جدوجہد کو نہیں دبا سکتی، ہر محاذ پر کشمیری اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بھارت اس تحریک کو دنیا میں دہشت گرد تحریک قراردلانا چاہتا ہے، لیکن ہندوستان کی کوششیں ناکام ہوگئیں، وہ ڈرائو دھمکائو سے تحریک سے باز رکھنا چاہتا ہے۔

حریت رہنما نے کہا کہ مودی نے دس لاکھ فوج کی نگرانی میں انتخابات کرائے، کشمیر کے لوگوں نے ان کو ووٹ دیئے جو جیل میں ہیں۔ یاسین ملک، آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی اور سیکڑوں رہنما بدنام زمانہ جیل میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ 8 سال قبل 8جولائی کو نوجوان کشمیری سوشل میڈیا ایکٹوسٹ برہان مظفر وانی کو شہید کیا گیا تھا۔ برہان مظفر وانی نے جموں کشمیر میں رہ کر کوئی جنگ بندی لائن عبور نہیں کی تھی بلکہ سوشل میڈیا کے ذریعے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا تھا۔ بھارت نے اپنا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے پر برہان مظفر وانی کو شہید کیا۔ برہان مظفروانی کی شہادت بھارت کے لیے زیادہ بھیانک ثابت ہوئی۔

غلام محمدصفی نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر متنازعہ علاقہ، بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے۔ 5 اگست 2019 کو بھارتی حکومت نے غیر قانونی اقدامات کیے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں وہی کچھ کررہا ہے جواسرائیل نے فلسطین میں کیا، انسانی حقوق کے ادارے کشمیریوں پرظلم وستم کانوٹس لیں،بھارتی قبضے کے خاتمے، حصول حق خود ارادیت تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کو اقدامات واپس اوربات چیت پر آمادہ کیا جائے، بھارت نے اپنے غلط اقدامات دنیا کے سامنے صحیح پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ 5 اگست کے بعد مقبوضہ کشمیرمیں کہیں سے بھی آوازیں اٹھائی گئیں توان کو دبا دیا گیا، جیل کے دروازے کھول دیے گئے اور اس وقت ہزاروں کی تعداد میں حریت قائدین گرفتار ہیں صرف اس لیے کہ وہ جموں و کشمیر کو بھارت کا حصہ نہیں سمجھتے بلکہ متنازع حصہ سمجھتے ہیں۔

غلام محمد صفی بچے، بڑے قید و بند برداشت کر رہے ہیں اور ان کے اہل خانہ کو بھی اذیت دی جارہی ہے، یاسین ملک کو بھی تہاڑ جیل میں قید کردیا گیا ہے۔ حریت رہنما نے کہا کہ امریکی ثالثی چاہے مسئلہ فلسطین میں ہو یا مسئلہ کشمیر میں ہر دو طرح نقصان دہ ہے ۔ امریکہ ان تمام مسائل کی جڑ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت غاصب صہیونی حکومت اسرائیل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی دہشتگردی اور ہندوستانی حکومت کی سرپرست ہے۔ کشمیری عوام کبھی بھی دھوکہ نہیں کھائیں گے۔

حریت رہنما نے مزید کہا کہ یہ تحریک سات دہائیوں سے جاری ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ظلم ہورہا ہے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔ مردوں کو لاپتہ کردیا جاتا ہےاورپتا بھی نہیں ہوتا ہے کہ وہ زندہ ہیں یا مرگئے۔ ان کی خواتین کو ”ہالف بیوہ” کا لقب دیا گیا ہے۔

اس موقع پرسیکرٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں کے دل مقبوضہ کشمیرکےعوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ہم جدوجہد آزادی کشمیر کی ہرسطح پر حمایت کرتے ہیں۔ کشمیر میں بھارتی مظالم پردنیا کی خاموشی افسوسناک ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی المیہ نے جنم لیا ہے۔ ہزاروں افراد شہید کیے جاچکے ہیں۔ لاتعداد لوگ جرم بے گناہی میں جیلوں میں قید ہیں۔

سیکریٹری کراچی پریس کلب نے کہا کہ لوگوں کو گرفتار کرکے لاپتہ کردیا جاتا ہے جن کے اہل خانہ کربناک زندگی گزارنے پرمجبور ہیں۔ صحافی برادری کشمیریوں کی جدوجد میں ان کے شانہ بشانہ ہے۔ ہم اپنے قلم کے ذریعہ مقبوضہ کشمیرمیں ہونے والے مظالم پر عالمی ضمیر جھنجوڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔ خطے میں امن کے لیے مسئلہ کشمیرکا حل کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا ضروری ہے۔ برہان وانی جیسے نوجوانوں کے جدوجہد آزادی کشمیر کو ایک نئی جلا بخشی ہے۔

عشائیے کے موقع پرکراچی پریس کلب کے سیکریٹری شعیب احمد، حریت کانفرنس کے سیکریٹری جنرل ایڈوکیٹ پرویزاحمد، پی ایف یو جےکےسیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ، کے یو جے کے صدر طاہر حسن، کے یو جے دستورکے صدر حامد الرحمن، سینئرصحافی و تجزیہ کار مظہرعباس، کے یوجے کے جنرل سیکرٹری سردار لیاقت، ممبرگورننگ باڈی شعیب احمد، سینئرصحافی جاوید اصغر چوہدری، نصراللہ چوہدری، حنیف اکبر، آغاخالد، عبد الجبار ناصر، ابو الحسن، چوہدری امجد ارشاد، نوید عباس، بیورو چیف این این آئی عبد الرحمن، معروف سوشل ایکٹویسٹ بشیر سدوزئی، سینئر رہنما اعجاز رحمانی، رائے خادم حسین ،امتیاز وانی سمیت دیگربھی موجود تھے۔

Exit mobile version