برمنگھم: ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024 کے بڑے میچ میں پاکستان نے اپنے روایتی حریف بھارت کو 68 رنز کے مارجن سے شکست دے دی۔
برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا چیمپئنز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستان چیمپئنز نے مقررہ 20 اوور میں 4 وکٹ پر 243 رنز بنائے۔
شرجیل خان 30 گیندوں پر 72 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے اور 145 پر پاکستان کی پہلی وکٹ گر گئی۔
پاکستان چیمپئنز کی بھارت چیمپئنز کے خلاف دوسری وکٹ 189 رنز پر گری، کامران اکمل 40 گیندوں پر 77 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ صہیب مقصود نے 51 اور شعیب ملک نے 25 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاہد آفریدی صفر پر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی جانب سے سریش رائنا سب سے نمایاں بیٹسمین تھے جنہوں نے 52 رنز کی اننگز کھیلی، روبن اُتھاپا 22، امباتی رائیڈو 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کے آر پی سنگھ، انوریت سنگھ، دھول کلکرنی اور پون نیگی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض اور شعیب ملک نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سہیل تنویر اور سہیل خان نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ پاکستان چیمپئنز کی ایونٹ میں یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے، پاکستان 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ہے۔