کراچی: سندھ پولیس کے جوان شہیر آفریدی نے بھارتی باکسر رونت سولنکی کو شکست دے دی۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق پروفیشنل باکسنگ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے دی ہے، سندھ پولیس کے جوان نے بھارتی باکسر رونت سولنکی کو شکست دی۔
ترجمان سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستانی پروفیشنل باکسر شہیر آفریدی نے بھارتی حریف کو تیسرے راؤنڈ میں ہی ناک آؤٹ کردیا، کامیابی کے ساتھ شہیر آفریدی پروفیشنل مڈل ویٹ کیٹیگری کے ایشین چیمپٸن بن گئے ہیں۔
ترجمان سندھ پولیس نے بتایا کہ شہیر آفریدی اے بی ایف اور ڈبلیو بی سی ایشیاء کا ٹائٹل بھی جیت چکے ہیں جب کہ شہیر آفریدی پاکستان کے لئے بیک وقت تین ایشین ٹائٹل جیتنے والے باکسرز کی فہرست میں بھی شامل ہوگئے ہیں۔
ڈی آئی جی ایسٹ غلام اظہر مہسر کا کہنا ہے کہ شہیر آفریدی سندھ پولیس کا فخر ہے جس نے فقط محکمہ پولیس کا ہی نہیں بلکہ ملک کا نام بھی روشن کیا، شہیر آفریدی نے بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کرکے قوم کو خوشی سے سرشار کیا ہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ کہتے ہیں کہ اس نوجوان باکسر کی محکمہ کے علاوہ ملکی سطح پر بھی حوصلہ افزائی ضروری ہے، ایسٹ زون پولیس شہیر آفریدی کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
سندھ کے وزیر داخلہ، قانون و پارلیمانی امور ضیاءالحسن لنجار نے سندھ پولیس کے باکسر شہیر آفریدی کو ایشین ٹائٹل شپ جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔
ضیاءالحسن لنجار نے کہا کہ سندھ پولیس کے نوجوان باکسر شہیر آفریدی نے بھارت کے باکسر کو شکست دے کر ایشین چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے جب کہ شہیر آفریدی کی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی رہی ہے۔
وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ یہ ملک خصوصاً سندھ کے لیے بڑا اعزاز ہے، سندھ پولیس کے نوجوان شہیر آفریدی نے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے، شہیر آفریدی کی کامیابی پر پوری سندھ پولیس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔