متعلقہ

قومی ٹیم رواں سیزن کن ٹیموں کے ساتھ سیریز کھیلے گی؟ تفصیلات جاری – پاک لائیو ٹی وی


قومی ٹیم رواں سیزن کن ٹیموں کے ساتھ سیریز کھیلے گی؟ تفصیلات جاری

پاکستان کرکٹ ٹیم 2024-25 میں مصروف ترین سیزن کھیلے گی، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2024-25 کے ہوم انٹرنیشنل سیزن کی تفصیلات کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان ہوم انٹرنیشنل سیزن میں بنگلہ دیش، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی کرے گا جبکہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے ساتھ سہ فریقی ون ڈے سیریز بھی کھیلی جائے گی اور یہ 21 سال میں پاکستان کی پہلی تین ملکی  ون ڈے سیریز ہوگی۔

ہوم انٹرنیشنل میچز کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا زمبابوے اور جنوبی افریقہ کا دورہ بھی کرے گی۔

ہوم انٹرنیشنل سیزن کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز سے ہوگا جو راولپنڈی میں 21 سے25 اگست تک اور کراچی میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔

ہوم انٹرنیشنل سیزن کا اختتام آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 پر ہوگا جس کا فائنل 9 مارچ کو تجویز کیا گیا ہے، تاہم اس دوران پاکستان اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز کی میزبانی کرے گا۔

 میچز ملتان، کراچی اور راولپنڈی میں شیڈول ہیں، ویسٹ انڈیز کی ٹیم آئندہ سال جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں وہ کراچی اور ملتان میں 2 ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے ساتھ سہ فریقی ون ڈے سیریز 8 سے 14 فروری تک ملتان میں کھیلی جائے گی جبکہ اگست 2024 سے مارچ 2025 کے عرصے میں پاکستان  کرکٹ ٹیم 9 ٹیسٹ، 9 ٹی ٹوئنٹی اورکم ازکم 14 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی۔

ہوم انٹرنیشنل سیزن کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کی منصوبہ بندی میں بھی مصروف ہے جن میں خواتین ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ بھی شامل ہیں۔