چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا بابر اعظم سے متعلق اہم بیان سامنے آگیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے صحافیوں سےغیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکشن میں غلط فیصلے ہوئے ذمہ داروں کا احتساب ہوگا، بابراعظم کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا، بابر سے خامیاں ہوئیں، جلد بازی، غصے میں کیے جانیوالے فیصلے نقصان دہ ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جلد پتہ چل جائے گا، سلیکشن کمیٹی میں کون رہے گا، وائٹ بال ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے رپورٹ جمع کرا دی ہے، رپورٹ میں ورلڈکپ میں ناکامی کی وجوہات بتائی گئی ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ کھیل کی بہتری کیلئے سابق کرکٹرز سے رابطےمیں ہوں، وہ سابق کرکٹرز نظام سنبھالیں گے جن کی روزی روٹی ٹی وی چینلز نہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں پوسٹ مارٹم ہوگا، فٹنس سے مشروط ہوگا، کھلاڑیوں کو تمام فٹنس ٹیسٹ دینا ہوں گے، بنگلادیش سیریز سے پہلے لیگ کیلئے این او سی نہیں ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں سلیکشن کیلئے انٹرنیشنل کرکٹرز کو بھی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا ہو گی، میزبانی کراچی، راولپنڈی اور ملتان اسٹیڈیم کریں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ شان مسعود سے کرکٹ کی بہتری پر بات ہوئی، ایف آئی اے حارث رؤف سے بدتمیزی کرنے والوں کی منتظر ہے، پی سی بی میں آوے کا آوا بگڑا ہوا ہے، قومی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانا سب سے بڑا ٹارگٹ ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پی سی بی نہ ٹوئٹر پر چلتا ہے نہ چلے گا، میرے خلاف جتنی چاہے مہم چلائیں فرق نہیں ہڑتا، دباؤ میں آنے کی بجائے گھر جانا بہتر سمجھوں گا۔