صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ کا کہنا ہے کہ ہم حکومت سے بجٹ پر نظر ثانی کی درخواست کرتے ہیں۔
صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ ہم حکومت سے بجٹ پر نظر ثانی کی درخواست کرتے ہیں، بجٹ پیش ہونے کے بعد برآمدی شعبے کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی و گیس کے نرخ پہلے ہی عالمی سطح سے مسابقتی نہیں ہے اب ان میں مزید اضافہ ہو جائے گا جو ہمیں ریجن میں مقابلے کی دوڑ سے بالکل باہر کر دے گا۔
عاطف اکرام نے کہا کہ بجٹ سازی کے عمل میں اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ بزنس کمیونٹی کے نمائندہ کی حیثیت سے میری حکومت سے اپیل ہے کہ بلاجواز ٹیکسز کی بھرمار کے باعث بجٹ کو ری وزٹ کیا جائے۔ موجودہ بجٹ میں ٹیکس دینے والوں پر اربوں روپے کے ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا گیا ہے۔
صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کہا کہ بجلی و گیس مہنگی ہونے کے بعد کاروبار متاثر ہونگے، ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے کاروباری افراد کیلئے مواقع ختم ہورہے ہیں۔ حکومت کو اپنے اخراجات کم کر کے عوام اور کاروباری افراد کو ریلیف دینا چاہیے۔