پاکستان میں کیا اسٹونک کی نئی قیمت سامنے آگئی ہے۔
معروف کار ساز کمپنی کیا موٹرز نے کچھ عرصہ قبل اپنی کراس اوور اسٹونک گاڑی کی قیمت میں 15 لاکھ تک کی کمی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اس کی سیل میں اضافہ ہو گیا تھا۔
کمپنی نے گاڑی کی قیمت میں کمی کے بعد اسے 47 لاکھ 67 ہزار روپے میں صارفین کیلئے دستیاب رکھا جبکہ اس سے قبل گاڑی کی قیمت 62 لاکھ 80 ہزار روپے تھی۔
اسٹونک کی قیمت میں کمی کے اس اعلان کے چند روز بعد ہی کیا پاکستان نے صارفین کے زبردست ردعمل کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسٹونک کی مزید بکنگ عارضی طور پر روکنے کا بتایا تھا۔
تاہم اب رواں مالی سال کے آغاز پر کِیا پاکستان نے اپنی کراس اوور اسٹونک کی قیمت میں 7 لاکھ 80 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد گاڑی کی قیمت 55 لاکھ 50 ہزار روپے پر پہنچ گئی ہے۔
اس کے علاوہ کمپنی نے یکم جولائی سے اسٹونک ای ایکس کی بکنگ کا دوبارہ آغاز کر دیا ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ تمام بکنگ دسمبر 2024 اور اس کے بعد کی ڈیلیوری کی بنیاد پر لی جائے گی، بکنگ صرف 2.5 ملین روپے کی جزوی ادائیگی کے ساتھ قبول کی جائے گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ دسمبر 2024 اور جنوری 2025 کی ڈیلیوری کیلئے جزوی ادائیگی کے ساتھ آرڈرز کے لیے پرائس لاک ہو گا، جو امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی کسی بھی قدر میں کمی سے مشروط ہے جبکہ وفاقی یا صوبائی حکومتوں کی طرف سے درآمد کردہ ڈیوٹیز، ٹیکسز اور لیویز میں کوئی بھی اضافہ ڈیلیوری کے وقت صارف کے ذریعے ادا کیا جائے گا۔