ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے والی بھارتی ٹیم سمندری خطرے کے پیش نظر بارباڈوس میں ہی پھنس گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بارباڈوس میں سمندری طورفان کے خطرے کے پیش نظر ایئرپورٹ کو بند کردیا گیا ہے جب کہ سمندری طوفان کے اگلے چند گھنٹوں میں ساحل سے ٹکرانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم اس وقت ہوٹل کے اندر موجود ہے جب کہ ہوٹل کے اسٹاف کی تعداد بھی بہت کم ہے۔
بھارتی میڈیا نے بتایا کہ بارباڈوس میں کرفیو جیسی صورت حال ہے اور کسی کو بھی باہر نکلنے کی اجازت نہیں تاہم بارباڈوس میں ہلکی بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
بھارتی میڈیا کا مزید کہنا تھا کہ بارباڈوس میں کیٹیگری 4 طوفان بیریل کی پیشگوئی ہے جب کہ یہ دوسرا شدید ترین طوفان بتایا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم نے بروز ہفتہ کو بارباڈوس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل کھیلا تھا جس میں 7 رنز سے کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔