متعلقہ

معروف بھارتی اداکارہ کو قتل کی دھمکیاں ملنے لگیں – پاک لائیو ٹی وی


معروف بھارتی اداکارہ کو قتل کی دھمکیاں ملنے لگیں

بھارت کی بنگالی اداکارہ و میزبان سدیپا چٹرجی کو قتل کی دھمکیاں ملنے لگی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کلکتہ میں مقیم اداکارہ سدیپا چٹرجی نے بتایا کہ انہیں بنگلا دیشی پکوان شو کے بعد جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ بنگلادیشی شو کے دوران پروگرام میں شریک ایک شخص نے گائے کے گوشت کی ڈش تیار کی تھی، شو کے دوران میں نے اس سے گفتگو کی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ وائرل ویڈیو کی وجہ سے مجھے قتل کی دھمکیاں بھی موصول ہو رہی ہیں اور حکمراں ترنمول کانگریس اور بنگال کے وزیر بابل سپریو سے قریبی تعلقات ہونے کے سبب بڑے پیمانے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔

تاہم اب اداکارہ نے فیس بُک پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں سیاسی مفاد کے لیے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

سدیپا چٹرجی نے بتایا کہ مجھے یقین ہے کہ زیادہ تر لوگ جو مجھے ٹرول کر رہے ہیں انہوں نے ویڈیو نہیں دیکھی ہو گی، میں نے کبھی گائے کا گوشت نہیں کھایا، اسے پکانا تو دور، اسے ہاتھ تک نہیں لگایا۔ دوسری بات، کریم جہاں (شو کی ایک شریک) نے ایسا کیا تھا، ویڈیوز ایڈیٹ نہیں ہیں، اسے دیکھئے اور بتائیں کہ میں نے کب گوشت کو ہاتھ لگایا ہے؟

اداکارہ کے مطابق عید الضحیٰ کی مناسبت سے ہونے والے بنگلا دیشی پروگرام میں وہ بھارت کی نمائندگی کر رہی تھیں، لیکن ان کا بنگلادیش سے تعلق ختم نہیں ہوسکتا اور یہ ہی وجہ تھی کہ انہوں نے اس شو میں شرکت کی۔