ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر ہونے کے ساتھ ہی آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے کا فیصلہ کن میچ کل بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں بھارت نے باآسانی 24 رنز سے کامیابی اپنے نام کی جب کہ بھارت نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت سے شکست کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے جب کہ اس کے ساتھ ہی آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر کا کیریئر بھی اختتام پذیر ہوگیا ہے۔
اپنے آخری انٹرنیشنل میچ میں ڈیوڈ وارنر 6 گیندوں پر صرف 6 رنز ہی اسکور کرسکے اور ارشدیب سنگھ کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔
ڈیوڈ وارنر نے اپنا آخری ون ڈے میچ بھی گذشتہ سال نومبر میں بھارت کے خلاف ون ڈے ورلڈکپ کے فائنل میں کھیلا تھا جب کہ انہوں نے آخری ٹیسٹ میچ پاکستان کے خلاف جنوری میں کھیلا تھا۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی بیٹر 110 ٹی ٹوئنٹی، 161 ون ڈے اور 112 ٹیسٹ میچز میں اپنے ملک کی نمائندگی کرچکے ہیں جب کہ وہ 2015 اور 2023 کے ون ڈے ورلڈکپ اور 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔