کنگز ٹاؤن: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر 8 مرحلے کے میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کو 21 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔
ویسٹ انڈیز کے کنگز ٹاؤن اسٹڈیم میں کھیلے گئے اہم میچ میں افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 148 رنز بنائے جبکہ جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 127 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے گلبدین نائب نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاندار باؤلنگ کرنے پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس کے علاوہ نوین الحق نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور عظمت اللہ عمرزئی، محمدنبی، راشد خان نے ایک، ایک وکٹ لی اور آسٹریلیا کے گلین میکسویل 59 رنز بناکر نمایاں رہے۔
افغانستان کی جانب سے بلے باز رحمان اللہ گرباز 60 رنز بناکر نمایاں رہے، کریم جنت 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد نبی 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے گروپ 1 میں شامل دونوں ٹیمیں اپنا دوسرا میچ کھیل رہی ہیں۔
اس سے قبل سپر 8 مرحلے کے پہلے میچ میں افغانستان کی ٹیم کو بھارت کیخلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم بنگلادیش کیخلاف فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
گروپ 2 میں جنوبی افریقا، انگلینڈ، امریکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہیں۔