متعلقہ

نیپرا نے گھریلو بجلی صارفین پر ماہانہ 200 تا ہزار روپے فکس چارجز عائد کردیئے – پاک لائیو ٹی وی


نیپرا نے گھریلو بجلی صارفین پر ماہانہ 200 تا ہزار روپے فکس چارجز عائد کردیئے

نیپرا نے گھریلو بجلی صارفین پر ماہانہ 200 تا ہزار روپے فکس چارجز عائد کردیئے ہیں۔

نیپرا ذرائع کے مطابق فکس چارجز صارفین کے بنیادی ٹیرف میں شامل جبکہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 5 روپے 72 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔

نیپرا نے بجلی کے نئے ٹیرف متعارف کرادیئے ہیں جن کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا جبکہ گھریلو صارفین کے لیے ماہانہ یونٹس کی کھپت کے لحاظ سے 200-1000 روپے ماہانہ چارجز مقرر کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کمرشل صارفین پر مقررہ چارجز میں 300 فیصد اور صنعتی استعمال پر 355 فیصد تک کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ڈسکوز کو مقررہ چارجز کے ذریعے اپنی آمدنی بڑھانے میں مدد ملے گی۔

نیپرا ذرائع کے مطابق ماہانہ 301 سے 400 یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین یکم جولائی سے 200 روپے فکس چارجزادا کریں گے۔

اسی طرح 401 سے 500 یونٹ بجلی استعمال والے ماہانہ 400 روپے، 501 سے 600 یونٹ استعمال کرنے والے ماہانہ 600 روپے، 601 سے 700 یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین فکس چارجز کی مد میں ماہانہ 800 روپے جبکہ 700  یونٹ سے زیادہ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین ماہانہ 1000 روپے چارجز ادا کریں گے۔

ٹائم آف یوز میٹر استعمال کرنے والے گھریلو صارفین بھی ماہانہ 1000 روپے مقررہ چارجز ادا کریں گے۔

اس کے علاوہ 5  کلو واٹ سے کم لوڈ والے کمرشل صارفین ماہانہ 1000 روپے چارجز ادا کریں گے جبکہ 5 کلو واٹ یا اس سے زیادہ لوڈ والے بجلی کے کمرشل صارفین 2000 روپے ادا کریں گے۔

نیپرا ذرائع کے مطابق ٹی او یو میٹرنگ کے تحت 25 کلو واٹ تک استعمال کرنے والے صنعتی صارفین  1000 روپے ادا کریں گے جبکہ بی ٹو کیٹیگری کے صارفین 500 کلو واٹ تک کے صارفین 2000 روپے ادا کریں گے اس کے علاوہ 5  ہزار کلو واٹ استعمال کرنے والے بی 3 کیٹیگری کے صنعتی صارفین 2000 روپے مقررہ چارجز ادا کریں گے، اسی طرح  بی 4 کیٹیگری کے صارفین بھی مقررہ چارجز 2000 روپے ماہانہ ادا کریں گے۔

واضح رہے کہ گھریلو صارفین کے ٹیرف میں پہلے فکسڈ چارجز نہیں تھے۔