متعلقہ

گاڑی خریدنے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خوشخبری – پاک لائیو ٹی وی


گاڑی خریدنے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خوشخبری

گاڑی خریدنے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خوشخبری آگئی ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا جس میں کمیٹی نے الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں پر ٹیکس کی شرح بڑھانے کی مخالفت کر دی۔

دوران اجلاس سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے، 6 ماہ میں اگر کسی کی شپمنٹ پہنچتی ہے اس کو تو پتہ ہی نہیں تھا، پالیسی بناکر جب اس پر نظرثانی کی جاتی ہے تو مسائل بڑھ جاتے ہیں۔

چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ کروڑ روپے سے اوپر کی گاڑی پر 25 فیصد سیلز ٹیکس لگایا گیا ہے، جس پر فیصل واوڈا کا کہنا تھا ٹیکس اور پالیسیوں میں تبدیلی کی وجہ سے کوئی اس ملک میں انڈسٹری نہیں لگاتا۔

ایف بی آر حکام کا کہنا تھا کہ درآمدی گاڑیوں پر ٹیکس لگا ہے مقامی طور پر تیار گاڑیوں پر ٹیکس نہیں لگایا، جس پر سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا یہ میرا کاروبار ہے مجھے پتہ ہے گاڑیوں پر ٹیکس کون لگوا رہا ہے، مجھے مجبور نہ کیا جائے میں پبلک میں بتا دوں۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے گاڑیوں پر ٹیکس کے معاملے کو موخر کر دیا، سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بجٹ میں ٹیکس لگانے سے پورے پاکستان میں پراپرٹی مارکیٹ بیٹھ گئی ہے، اب عام آدمی گھر نہیں خرید سکے گا، آئی ایم ایف کے کہنے پر ہر چیز کا بھٹہ بٹھا دیں گے۔