اسلام آباد: بجٹ 2024-25 کے لیے سالانہ پلان اور وفاقی ترقیاتی پروگرام کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
بول نیوز نے سالانہ پلان اور وفاقی ترقیاتی پروگرام کی دستاویزات حاصل کرلیں ہیں جس کے مطابق آئندہ بجٹ میں انفراسٹرکچر کے لئے 827 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے جب کہ آئندہ بجٹ میں توانائی کے لئے 253 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے لئے 279 ارب، پانی کے منصوبوں کے لئے 206 ارب، سماجی شعبے کے لئے 280 ارب اور صحت کے لئے 45 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
آئندہ بجٹ میں تعلیم اور ہائر ایجوکیشن کے لئے 93 ارب، ایس ڈی جیز کے لئے آئندہ مالی سال 75 ارب روپے خرچ کرنے منصوبہ ہے جب کہ غذائی و زراعت کے لئے 42 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں گورننس کے لئے 28 ارب، سائنس و آئی ٹی کے لئے 79 ارب، کے پی میں ضم شدہ اضلاع کے لئے 64 ارب اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے لئے 75 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
بجٹ دستاویز کے مطابق پی ایس ڈی پی کا مجموعی حجم 14 سو ارب، وفاقی وزارتوں کا مجموعی بجٹ 1041 ارب، وزارت آبی وسائل 259، اسپارکو کے لئے 35 ارب، ریونیو ڈیویژن کے لئے 17 ارب، ریلوے ڈویژن کے لئے 43 ارب اور پیٹرولیم ڈویژن کے لئے 3 ارب 22 کروڑ کا ترقیاتی بجٹ مختص ہے۔
داخلہ ڈویژن کے لئے آئندہ مالی 9 ارب 7 کروڑ کا بجٹ مختص ہے جب کہ آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے لئے 28 ارب 92 کروڑ، فوڈ سیکیورٹی کے لئے 41 ارب 25 کروڑ، صنعت و پیداوار کے لئے 4 ارب 91 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے لئے 27 ارب 68 کروڑ، وزارت انسانی حقوق کے لئے 10 کروڑ 40 لاکھ اور وفاق کے صوبائی منصوبوں کے لئے 82 ارب 41 کروڑ کا ترقیاتی بجٹ مختص ہے جب کہ اگلے مالی سال تجارتی خسارہ 24 ارب ڈالر سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔