متعلقہ

کسانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے، صدر پاکستان – پاک لائیو ٹی وی


صدر پاکستان آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ  کسانوں کو گندم کی مناسب قیمت کی فراہمی سے دیہی معیشت کو فروغ حاصل ہوگا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت ملک میں گندم کی خریداری سے متعلق امور پر اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر برائے تحفظِ خوراک رانا تنویر حسین ، وزارت اور پاسکو کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں صدر مملکت کی جانب سے زرعی شعبے کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی

اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ کسانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے، گندم کی مناسب قیمت ، بروقت اقدامات اور خریداری کا عمل ہموار بنانا ضروری ہے۔

صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ کسانوں کی حوصلہ افزائی سے ملک میں گندم کی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی، کسانوں کو گندم کی مناسب قیمت ، بار دانہ کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی تقریباً 65 فیصد آبادی دیہی علاقوں میں مقیم ہے، کسانوں کو گندم کی مناسب قیمت کی فراہمی سے دیہی معیشت کو فروغ حاصل ہوگا، غذائی تحفظ ، مستقبل کی غذائی ضروریات پورا کرنے کیلئے اسٹریٹجک ذخائر برقرار رکھنا ہوں گے۔

صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ گندم ذخیرہ کرنے کی جدید سہولیات کی تعمیر کیلئے نجی شعبے کو آسان قرضے فراہم کیے جائیں، بروقت پالیسی اقدامات ، مستقبل کی ضروریات کی درست پیشگوئی کیلئے قابل اعتماد ڈیٹا کی دستیابی کی ضرورت ہے۔