متعلقہ

سعودی حفاظتی اقدامات سے دوران حج ہیٹ اسٹروک سے اموات میں کمی – پاک لائیو ٹی وی


سعودی عرب کی وزارت حج کے حفاظتی اقدامات سے دوران حج زائرین کی ہیٹ اسٹروک سے اموات میں کمی آ گئی ہے۔

رواں سال مئی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق سعودی حکومت کے اقدامات کی وجہ سے حج کے دوران گرمی سے ہونے والی اموات اور فالج سے ہونے والی اموات میں 40 سال کے عرصے میں بالترتیب 47.6 اور 74.6 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر کے زیر اہتمام ‘مکہ مکرمہ آنے والے عازمین حج کے لیے آب و ہوا سے متعلق صحت کے خطرات میں اضافہ’ کے عنوان سے یہ تحقیق کی گئی۔

مکہ مکرمہ میں درجہ حرارت میں 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ فی دہائی اضافے کے باوجود حکومت کے حفاظتی اقدامات مؤثر ہیں۔

ایس پی اے نے رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ زائرین کے لیے گرمی سے متعلق صحت کے خطرات کو کم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات میں کھلی جگہوں پر ہوا کو ٹھنڈا کرنے کے لیے دھند کے پنکھوں کا استعمال شامل ہے۔

حکومت پانی اور چھتریاں بھی تقسیم کرتی ہے۔ اور اب ایئر کنڈیشنڈ ٹرانسپورٹ کے آپشنز دستیاب ہیں ، جن میں 2010 سے مقدس مقامات پر مشائر ٹرین بھی شامل ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مملکت نے حج کے دوران صحت کی مفت خدمات تک رسائی کے ساتھ ساتھ آگاہی مہم بھی چلائی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے طویل مدتی اقدامات کیے ہیں جن میں قدرتی وینٹی لیشن کو بہتر بنانے اور مقدس مقامات پر درجہ حرارت کو کم کرنے کے لئے ماحولیاتی انجینئرنگ اور بلڈنگ ڈیزائن کی حکمت عملی کو مربوط کرنا شامل ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ سعودی وزارت حج نے عازمین حج کے لیے دوران حج سایہ دار جگہوں میں اضافہ کرنے کے علاوہ بھیڑ کو بھی کم کرنے کی کوشش کی ہے۔