متعلقہ

ملکی معیشت کے لئے اچھی خبر؛ تیل اور گیس کے بڑے ذخائر دریافت – پاک لائیو ٹی وی


ملکی معیشت کے لئے اچھی خبر؛ تیل اور گیس کے بڑے ذخائر دریافت

خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں چاندنہ کنویں پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس میں تیل اور گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خط لکھا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ضلع کوہاٹ میں چاندنہ کنویں پر پیداوار کی کامیابی ملی ہے۔

آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی کے مطابق چاندنہ کنویں کی گہرائی 5492 میٹر ہے جب کہ کنویں سے 305 بیرل یومیہ خام تیل کے ذخائر ملے ہیں۔

علاوہ ازیں چاندنہ کنویں سے 2.5 ملین معکب فٹ گیس کے ذخائر بھی ملے ہیں جب کہ اسی کنویں سے 3 میٹرک ٹن ایل پی جی بھی ملے گی۔

آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی نے بتایا کہ کنویں کو چاندنہ پلانٹ سے 1.3 کلو میٹر فلو لائن سے منسلک کردیا گیا ہے، 2.50 ملین معکب فٹ گیس سوئی نادرن گیس کمپنی کو سپلائی بھی شروع ہوگئی ہے۔

او جی ڈی سی ایل کے مطابق سندھ کے ضلع حیدرآباد میں دوسری اہم پیش رفت بھی ہوئی ہے، جہاں سندھ میں کنار 8 کنویں سے بھی پیداوار کی بحالی کی گئی ہے۔

او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ کنار 8 کنویں پر نئے جدید پمپس کی تنصیب کی گئی ہے جب کہ کنار 8 کنویں سے یومیہ 540 بیرل خام تیل کے ذخائر کی پیداوار ملنا شروع ہوگئی ہے۔

او جی ڈی سی ایل نے مزید کہا کہ تیل و گیس کے ذخائر سسٹم میں آنے سے درآمدی بل میں نمایاں کمی ہوگی۔