بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی، روہت شرما اور سوریا کمار یادیو نے بھارتی ٹیم کو معذور بنا دیا ہے۔
بھارتی ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں مہم کوئی کے آغاز سے قبل سابق آل راؤنڈر کا ٹیم کے کپتان اور اہم ترین کھلاڑی سے متعلق یہ بیان ٹیم کے مورال کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
بھارتی ٹیم اس وقت امریکہ میں موجود ہےجہاں وہ اپنا پہلا میچ 5 جون کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گی جبکہ روایتی حریف پاکستان کے خلاف میچ 9 جون کو ہوگا۔
ایسے میں بھارتی ٹیم پر سابق کرکٹرز اور تجزیہ کاروں کی جانب سے تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں ۔
عرفان پٹھان سمجھتے ہیں کہ بھارت کی پلیئنگ الیون میں زیادہ بولنگ آپشن ہونے چاہئیں کیونکہ روہت شرما، ویرات کوہلی اور سوریا کمار یادیو بولنگ نہیں کرتے، ان تینوں نے ٹیم کو معذور بنا دیا ہے۔
سابق بھارتی کرکٹر نے ٹیم میں یشسوی جیسوال کی شمولیت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیٹنگ کے ساتھ ضرورت پڑنے پر بولنگ بھی کر سکتے ہیں۔