آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں میزبان امریکا نے کینیڈا کو 7 وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔
امریکی شہر ڈیلاس میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کے پہلے میچ میں میں میزبان امریکہ نے کینیڈا کو 7 وکٹوں سے پچھاڑ دیا، کینیڈا کی جانب سے دیا گیا 195 رنز کا بڑا ہدف امریکا نے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
کینیڈین بیٹرز کی بیٹنگ
ڈیلس میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر کینیڈا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
کینیڈا نے امریکا کے خلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 194 رنز اسکور کیے، نوونیت دھالیوال نے 61 رنز اور نکولس کرٹون نے 51 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔
اس کے علاوہ ارون جانسن نے 23 اور دلپریت باجوہ نے 11 رنز بنائے جبکہ شریاس مووا 32 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، ہدف کے تعاقب میں امریکہ کی پہلی وکٹ جلد گر گئی۔
امریکا کی جانب سے علی خان، ہرمیت سنگھ اور کورے اینڈرسن نے ایک ایک وکٹ لی۔
امریکی بیٹرز کی جارحانہ بیٹنگ
میزبان ٹیم کی جانب سے اسٹیون ٹیلر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے اور کپتان مونانک پٹیل 16 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے، تاہم اینڈریو گوس اور آرون جونز نے 131 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
آرون جونز نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 40 بالز پر 94 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ اینڈیو گوس نے 46 گیندوں پر 65 رنز اسکور کیے شاندار بیٹنگ پر آرون جونز میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
کینیڈا کی جانب سے کلیم ثناء، نکھل دتہ اور ڈلون ہیلیگر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز اور پاپوا نیوگنی کی ٹیمیں آج گیانا میں مدمقابل ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے دس بجے شروع ہوگا۔