متعلقہ

لوک گلوکار عنایت حسین بھٹی کی 25 ویں برسی آج منائی جارہی ہے – پاک لائیو ٹی وی


لوک گلوکار عنایت حسین بھٹی کی 25 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

پاکستان کے معروف لوک گلوکار، اداکار، فلمساز، صداکار اور کالم نگار عنایت حسین بھٹی کی 25 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔

عنایت حسین بھٹی 12 جنوری 1928 کو گجرات میں پیدا ہوئے، 1948 میں وہ قانون پڑھنے کی غرض سے لاہور منتقل ہوگئے لیکن قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔

اسٹیج پر ایک پرفارمنس کے بعد انہیں ریڈیو پر گانے کی پیشکش ہوئی، جہاں ان کی ملاقات موسیقار جی اے چشتی سے ہوئی جنہوں نے اُن کو اپنی فلم ‘پھیرے’ میں گانا گانے کے لیے کہا، جس کا گیت’ او اکھیاں لاویں ناں’ نے کافی مقبولیت حاصل کی۔

1953 میں انہوں نے فلم ‘شہری بابو’ میں معاون کردار ادا کرکے اداکاری کا آغاز کیا، جبکہ اس فلم کا گیت ‘بھاگاں والیوں نام جبھو مولا نام نام’ نے انہیں بطور گلوکار معروف کردیا۔

1955 میں اُن کو فلم ‘ہیر’ میں ہیرو کے طور پر کام کرنے کا موقع ملا اور گلوکاری کے ساتھ ساتھ ان کی اداکاری کو بھی خاصا سراہا گیا۔

اس کے بعد انھوں نے متعدد ہٹ گانے گائے اور انہیں پاکستان کا پہلا سپر سٹار پلے بیک گلوکار بھی کہا جاتا ہے۔

چن میرے مکھناں، جند آکھاں کے جان سجناں، دنیا مطلب دی او یار، دم عشق دا بھرنا پے گیا نی، اور دلبر ملسی کیہڑے وار وغیرہ اس کی چند مثالیں ہیں۔

انہوں نے اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کے اظہار کے لئے کئی فلمیں بنائیں، جن میں وارث شاہ، منہ زور، سجن پیارا، جند جان، چن مکھناں، دنیا مطلب دی اور ظلم دا بدلہ نمایاں ہیں۔

عنایت حسین بھٹی 31 مئی 1999 کو 71 برس کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہوگئے تھے۔