متعلقہ

تنخواہوں کی مد میں خطیر رقم خرچ، ملکی برآمدات و بیرونی سرمایہ کاری کی کم ترین سطح ریکارڈ – پاک لائیو ٹی وی


خطیر رقم تنخواہوں کی مد میں خرچ کرنے کے باوجود ملکی برآمدات و بیرونی سرمایہ کاری کی کم ترین سطح ریکارڈ

اسلام آباد: خطیر رقم تنخواہوں کی مد میں خرچ کرنے کے باوجود ملکی برآمدات و بیرونی سرمایہ کاری کم ترین سطح پر ہے۔

دستاویز کے مطابق بیرون ملک تعینات ٹریڈ آفیسرز پر سالانہ 92 کروڑ 11 لاکھ روپے سے زائد رقم تنخواہوں کی مد میں خرچ ہوتی ہے، دنیا بھر میں پاکستان کے تجارتی مشنز میں کل 57 افسران برائے تجارت و سرمایہ کاری تعینات ہیں۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ بیرون ملک تعینات افسران کی کارکردگی جانچنے کے لئے مختلف معیارات مقرر ہیں، پاکستان کی برآمدات میں اضافہ، تجارتی پروموشن، ٹریڈ ڈپلومیسی کے ذریعے افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے۔

مارکیٹ انٹیلی جنس رپورٹس، برینڈنگ سے بھی افسران کی کارکردگی کو پرکھا جاتا ہے جب کہ ایس آئی ایف سی کے تحت اقدامات اور سرمایہ کاری کی معاونت بھی افسران کے لئے معیار مقرر ہیں۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ افغانستان، بنگلا دیش، ملائیشیا اور کینیا سمیت 57 ممالک میں پاکستان کے ٹریڈ مشنز تعینات ہیں جب کہ افغانستان، بیلجئم، سعودی عرب اور انگلینڈ میں دو دو افسران تعینات ہیں۔

دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ بھارت میں پاکستان کا تجارتی مشن موجود ہے مگر اب تک کوئی افسر تعینات نہیں کیا جاسکا ہے جب کہ امریکہ میں 4، چین میں 4 اور سعودی عرب میں 3 افسران تعینات ہیں۔