سی ڈی اے کا پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹریٹ کو گرانے کے لیے آپریش – پاک لائیو ٹی وی


سی ڈی اے نے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹریٹ کو بلڈنگ بای لاز کی خلاف ورزی پر گرانے کے لیے آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔

سی ڈی اے اسلام آباد نے بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزیوں، غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کے آپریشن شروع کر دیا ہے۔

سی ڈی اے حکام نے پولیس کی بھاری نفری اور بھاری مشینری کے ہمراہ پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹریٹ کو سیل کر دیا ہے۔

سی ڈی اے کی طرف سے تحریک انصاف کے دفتر کو سیل کرنے کا حکم نامہ چسپاں کردیا گیا ہے۔

سی ڈی اے حکام کے مطابق سیکٹر جی ایٹ 4 میں سیاسی جماعت کی طرف سے ایک پلاٹ پر قائم کی گئی تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کو ختم کیا جا رہا ہے۔

سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ مذکورہ پلاٹ سرتاج علی نامی شخص کو الاٹ ہے، مذکورہ پلاٹ سے ملحقہ اراضی پر قبضہ کر کے بڑے پیمانے پر تجاوزات قائم کی گئ ہیں اور بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک اضافی منزل بھی تعمیر کی گئ تھی۔

مذکورہ مالک کی طرف سے متعدد دیگر خلاف ورزیاں بھی کی گئ ہیں، مالک کو متعدد بار خبردار کرنے کے ساتھ ساتھ نوٹسسز بھی جاری کئے جا چکے ہیں۔ اس ضمن میں ایک نو ٹس 19نومبر 2020 کو جاری کیا گیا جبکہ اسی طرح ایک اور نوٹس 22 فروری 2021  کو جاری کیا گیا۔

 سی ڈی اے حکام کے مطابق خلاف ورزیاں ختم کرنے کے لیے ایک اور نوٹس 14 جون 2022  کو جاری کیا گیا جبکہ 4 ستمبر 2023 کو خلاف ورزیاں ختم نہ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔

احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے اور خلاف ورزیاں ختم نہ کرنے 10 مئی 2024 کو اس پلاٹ کو سر بمہر کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔

سی ڈی اے حکام کا کہنا تھا کہ بلڈنگ قوانین پر عملدرآمد کرنے اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن عمل میں لایا گیا ہے اور تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لئے مہم بلا تفریق شہر بھر میں  جاری رہے گی۔

سی ڈی اے کے بلڈوزر نے پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر کے اطراف کی باڑ گرا دی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر بھی مرکزی سیکریٹریٹ کے باہر پہنچ گئے، انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ سے درخواست ہے کہ معاملے کا نوٹس لے، رات کے اندھیرے میں حملے کیے جارہے ہیں، مرکزی دفتر سیل کرنے اور گرانے کے خلاف عدالت جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت سے اسٹے آرڈر لیں گے، آج میٹنگ ہے اگر دفترگرا بھی دیا تویہاں میٹنگ کریں گے، آج میٹنگ ہے اگر دفتر گرا بھی دیا تو یہاں میٹنگ کریں گے، آپ عمارتیں گرا سکتے ہیں لیکن لوگوں کا نظریہ نہیں چھین سکتے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے مزید کہا کہ اب یہ نہیں ہو سکتا کہ بندوق ساتھ رکھ کر مذاکرات کئے جائیں۔

پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب اور شعیب شاہین سمیت دیگر رہنما بھی اطلاع ملتے ہی پی ٹی آئی مرکزی دفتر پہنچ گئے۔

Exit mobile version