سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے بھارتی ٹیم کی کوچنگ کی آفر ٹھکرا دی۔
تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی کھلاڑی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے رابطوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا میں نے کوچنگ کے حوالے سے کئی رپورٹس دیکھی ہیں، ایسا عموماً سوشل میڈیا پر ہوتا ہے اور کئی نام سامنے آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل کے دوران اس حوالے سے تھوڑی بہت گفتگو ہوتی رہی ہے جس میں میری کوچنگ میں دلچسپی جاننے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ میں نیشنل ٹیم کی کوچنگ کرنا پسند کروں گا لیکن زندگی میں اور بھی بہت کچھ ہے۔ میں گھر میں فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔
پونٹنگ کے علاوہ گوتم گمبھیر، جسٹن لینگر اور اسٹیفن فلیمنگ بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے کی دوڑ میں شامل ہیں۔
بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ 27 مئی ہے۔