متعلقہ

آئی ایم ایف کی سخت شرائط پر عملدرآمد؛ بجلی مزید مہنگی ہوگی – پاک لائیو ٹی وی


آئی ایم ایف کی سخت شرائط پر عملدرآمد؛ بجلی مزید مہنگی ہوگی

اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سخت شرائط پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے بجلی مزید مہنگی کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن نے آئی ایم ایف کو بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی ٹیرف میں اضافہ ضروری ہے، اطلاق یکم جولائی 2024 سے ہوگا۔

پاور ڈویژن کے ذرائع نے بتایا کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے فی یونٹ تک اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ کم سے کم نیشنل اوسط ٹیرف کو 29 روپے سے بڑھا کر 36 روپے کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لائف لائن صارفین کے علاوہ باقی تمام کیٹگریز کا بنیادی ٹیرف بڑھایا جائے گا جبکہ اس وقت پچاس یونٹ والے لائف لائن صارفین کا ٹیرف بنیادی ٹیرف 3 روپے 95 پیسے ہے اور پچاس یونٹ سے 100 یونٹ والے صارفین کا بنیادی ٹیرف 7 روپے 74 پیسے ہے، تاہم اس وقت بجلی کا بنیادی ٹیرف زیادہ سے زیادہ 43 روپے فی یونٹ تک ہے۔

پاور ڈویژن کے ذرائع نے مزید بتایا کہ نیپرا کی جانب سے ملٹی ائیر ٹیرف میں اضافے کے بعد بینیادی ٹیرف بڑھایا جائے گا، نیپرا میں ڈسکوز کا موجودہ ملٹی ایئر ٹیرف زیر التوا ہے، کے ای کے ٹیرف کے بعد نیپرا اتھارٹی ڈسکوز ملٹی ایئر ٹیرف پر فیصلہ کر ے گی۔